پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی اور سابق وزیرِاعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی 41 ویں برسی
پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 41 ویں برسی آج 4 اپریل کو منائی جارہی ہے۔ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں منسوخ کردی گئی ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 41 ویں برسی آج 4 اپریل کو منائی جارہی ہے۔ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں منسوخ کردی گئی ہے۔
پیپلزپارٹی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 41 ویں برسی پر کورونا وبا کی وجہ سے کوئی اجتماع نہیں کیا جائے گا۔
سما ٹی وی کے مطابق پارٹی حکام کی جانب سے کارکنوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کریں۔ بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے کہ جیالے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ڈی پی پر بھٹو کی تصاویر لگائیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنے عزیز لیڈر کو یاد کرنے کےلئے بھٹو کی تقاریر اور پیغام کو پھیلائیں۔ واضح رہے کہ 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہونے والے ذوالفقار علی بھٹو نے کیلی فورنیا اور آکسفورڈ سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ وہ سحر انگیز شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے سیاست کا آغاز 1958 میں کیا اور ایوب خان کے دور حکومت میں وزیر خارجہ سمیت دیگر اہم عہدوں پر فائز رہے۔
ذوالفقار علی بھٹو نے 30 نومبر 1967 کو پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی، جو بعد ازاں پاکستان کی سب سے بڑی مقبول ترین سیاسی جماعت بن گئی۔ طلسماتی شخصیت کےمالک ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیشہ عوامی انداز اپنایا اور عوامی جلسوں میں عوام کی زبان استعمال کی۔
ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں ملک کو سال 1977 میں پہلا متفقہ آئین ملا۔ اُن ہی کے دور میں ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس کو آج بھی پی پی حکومت اور بھٹو کی بڑی کامیابی سمجھا جاتا ہے۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام شروع کرنے کا سہرا بھی ذوالفقار علی بھٹو کے سر جاتا ہے۔
aXA6IDMuMTM0LjExOC45NSA= ejasoft island