ٹرمپ کے دھمکی آمیز بيان کے بعد ہندوستان ملیریا کی دوا برآمد کرنے پر رضامند
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دھمکی آمیز بيان کے بعد ہندوستان نے امریکہ کو کورونا وائرس کے علاج میں مددگار ملیریا کی دوا برآمد کرنے پر آمادگی کا اظہار کردیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دھمکی آمیز بيان کے بعد ہندوستان نے امریکہ کو کورونا وائرس کے علاج میں مددگار ملیریا کی دوا برآمد کرنے پر آمادگی کا اظہار کردیا ہے۔
ڈان نيوز کے مطابق ہائیڈروکسی کلورو کوئن ایک پرانی اور سستی دوا ہے جسے ملیریا کے مریضوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، اور یہ دوا کورونا وائرس کے علاج میں بھی کسی حد تک مددگار ہے۔
اس دوا کی بڑھتی ہوئی مانگ اور مثبت نتائج کے سبب امریکہ نے ہندوستان سے مذکورہ دوا برآمد کرنے کی درخواست کی تھی جس پر ہندوستان نے ہچکچاہٹ کا اظہار کیا تھا، کیونکہ اس دوا کو لوگوں کی جانب سے بڑی تعداد میں خریدے جانے کے سبب ہندوستان میں بھی اس کی قلت ہوگئی ہے۔
ہندوستان کی جانب سے اس دوا کی برآمدات پر پابندی عائد کیے جانے کے چند گھنٹے بعد گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہوں نے امریکہ کی جانب سے آرڈر کی گئی ہائیڈروکسی کلوروکوئن دوا برآمد کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی سے مدد طلب کی ہے۔
ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر وہ ہمیں دوا برآمد نہیں کرتے ہیں تو مجھے حیرت ہو گی، کیونکہ امریکہ اور ہندوستان کے کئی سالوں سے بہت اچھے تجارتی تعلقات ہیں اور ہندوستان نے تجارت میں امریکہ سے بہت فائدہ اٹھایا ہے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ اگر ہندوستان دوا برآمد نہیں کرتا تو کوئی بات نہیں، لیکن پھر اسے اس بات کے نتائج بھگتنے ہوں گے۔
منگل کے روز ہندوستانی وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ہندوستان نے ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلورو کوئن کو امریکہ برآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سری واستوا نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہندوستان پیراسیٹامول اور ہائیڈوکسی کلوروکوئن کو مناسب مقدار میں ان پڑوسی ممالک کو فروخت کرے گا جن کا انحصار ہماری صلاحیتوں پر ہے۔