ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے کی درخواست مسترد
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ہے جس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے ہیں کہ حکومت پر اعتماد کیا جائے، پوری دنیا کورونا کی لپیٹ میں ہے، پارلیمنٹ اور ایگزیکٹو موجود ہیں آپ متعلقہ فورم سے رجوع کریں، درخواست گزار وکیل نے کہا ہے کہ ایران میں ہزاروں پاکستانی پھنسے ہیں اور ان کے ویزے بھی ختم ہوچکے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ یہ بین الاقوامی سطح کا مسئلہ ہے، عدالت ان معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی ہے، آپ متعلقہ فارم سے رجوع کریں اور یہ خیال نہ کریں کہ حکومت کچھ نہیں کر رہی ہے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا ہے کہ میڈیا میں تاثر دیا جا رہا ہے کہ سارے مسائل زائرین کی وجہ سے ہیں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دئیے ہیں کہ یہ معاملہ پالیسی سے متعلق ہے اور عدالت اس طرح کے کسی بھی تنازع میں نہیں پڑنا چاہتی ہے لہذا درخواست مسترد کرتے ہیں۔