نیٹو وزرائے دفاع کا اجلاس آج سے شروع
نارتھ ایٹلانٹک کونسل کے وزرائے دفاع کا دو روزہ اجلاس آج بروز بدھ سے نیٹو کے ہیڈکوارٹرز برسلز میں منعقد ہوگا۔ بہت جلد افغان امن کے بین الاقوامی گروپ کا پہلا اجلاس بھی منعقد ہوگا۔
نارتھ ایٹلانٹک کونسل کے وزرائے دفاع کا دو روزہ اجلاس آج بروز بدھ سے نیٹو کے ہیڈکوارٹرز برسلز میں منعقد ہوگا۔ بہت جلد افغان امن کے بین الاقوامی گروپ کا پہلا اجلاس بھی منعقد ہوگا۔
یہ بات افغان کی وزارت برائے امن امور کے حوالے سے وائس آف امریکہ کی افغان سروس نے بتائی ہے۔ افغان سیاسی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ افغان حکومت کو یہ کوشش کرنی ہوگی کہ امن کارروائی کے سلسلے میں روابط بڑھانے کے لئے مزید کام کیا جائے۔
دریں اثنا گلبدین حکمت یار نے تجویز دی ہے کہ تین سابق صدارتی امیدواروں صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور حکمت یار کے علاوہ سابق صدر حامد کرزئی افغان سیاستدانوں کے گروپ کی قیادت کرتے ہوئے طالبان سے بات چیت کریں۔ کابل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حکمت یار نے کہا ہے کہ چاروں افغان قائدین طالبان سے بات چیت کے لئے امن مذاکرات کاروں کی ٹیم کی فہرست تیار کریں۔
voa نیوز کے مطابق منگل کو کابل میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے نیٹو کے سکریٹری جنرل ژاں اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ نیٹو اتحادیوں اور امریکی ایلچی برائے افغان مفاہمت کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ امن ممکن بنانے کے لئے نیٹو فوج تربیت کا کام جاری رکھے گا۔
نیٹو کے سربراہ نے کہا ہے کہ تنظیم امریکہ کی قیادت میں افغان تنازع کے پر امن حل کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔ ہمارے اتحادی پیشرفت کی خاطر مشاورت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ طالبان کو یہ بات سمجھنی ہوگی کہ وہ میدان جنگ کے ذریعے کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکتے۔ انہیں چاہیے کہ وہ تشدد کی کارروائیوں میں کمی لائیں اور یہ بات ثابت کریں کہ وہ افغانستان کے پر امن مستقبل کے حصول کے لئے پر عزم ہیں۔