پاکستان: کورونا وائرس کے باعث برآمدات میں 15 فی صد کمی
پاکستانی برآمدات میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کے باعث 15 فیصد کمی آگئی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ 1ارب 49 کروڑ ڈالر رہا ہے۔
پاکستانی برآمدات میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کے باعث 15 فیصد کمی آگئی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ 1ارب 49 کروڑ ڈالر رہا ہے۔
پاکستان کے ادارۂ شماریات نے مارچ 2020میں ہونے والی درآمدات وبرآمدات کے اعداد وشمار جاری کئے ہیں، ان اعداد وشمار کے مطابق مارچ میں برآمدات 1ارب 80کروڑ ڈالر رہیں اور فروری کے مقابلے میں گزشتہ ماہ کے دوران برآمدات میں 15 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
فروری 2020کے دوران برآمدات 2 ارب 14 کروڑ ڈالر تھیں جبکہ مارچ 2019 میں برآمدات 1 ارب 97 کروڑ ڈالر سے زائد تھیں۔ اس اعتبار سے مارچ 2019 کی نسبت مارچ 2020 میں برآمدات 8 فیصد گر گئی ہیں۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران درآمدات کا حجم 3 ارب 29 کروڑ ڈالر جبکہ تجارتی خسارہ 1 ارب 49 کروڑ ڈالر رہا۔ اسی طرح رواں مالی سال میں اب تک 17 ارب 45 کروڑ ڈالر کی کل برآمدات رہیں۔
جولائی تا مارچ 2020 درآمدات کا کل حجم 37 ارب 81 کروڑ ڈالر رہا ہے اور رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں 17 ارب 36 کروڑ ڈالر تجارتی خسارہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
aXA6IDE4LjIyMi4yMDAuMTQzIA== ejasoft island