موڈیز: پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح نمو 2.5 فیصد تک رہنے کا امکان
عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی (موڈیز) نے پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح نمو 2 سے ڈھائی فیصد تک رہنے کا امکان ظاہر کردیا ہے۔
کورونا وائرس کے چلتے اس وقت پوری دنیا کو اقتصادی مندی کا سامنا ہے اور دنیا کے بڑے شیئر مارکیٹ بھی اس وقت بڑے خسارے میں ہیں، ایسے خطرناک حالات میں عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی (موڈیز) نے پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح نمو 2 سے ڈھائی فیصد تک رہنے کا امکان ظاہر کردیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ رواں سال پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح نمو 2 سے ڈھائی فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ شرح سود میں کمی سے نجی شعبوں میں قرضوں کی فراہمی میں اضافہ ہوگا اور قرض داروں کے لئے قرضوں کی واپسی کی صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق موڈیز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ شرح سود میں کمی سے بینکوں کے مارجن اور آمدنی متاثر ہوگی، اس کے علاوہ بینکوں کے اثاثہ جات کے معیار پر بھی دباؤ میں اضافہ ہوگا، لیکن بینکوں کے لئے کیپیٹل کنزرویشن بفر ختم ہونے سے بینکوں کی قرض فراہمی کی صلاحیت بہتر ہوگی۔
دوسری جانب عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر سپلائی چین کے مسائل اور برآمدی آرڈرز کی منسوخی سے ٹیکسٹائل کا شعبہ زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ نقل وحرکت پر پابندی کے باعث پاکستان میں خدمات کا شعبہ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ موڈیز نے اس سے قبل کورونا وائرس کے معاشی اثرات کی وجہ سے پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح نمو 2.9 فیصد رہنے کی توقع ظاہر کی تھی۔
aXA6IDMuMTcuMjMuMTMwIA== ejasoft island