پاکستان: لاک ڈاؤن میں توسیع کا اعلان آج ہوگا
وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا باضابطہ اعلان آج منگل کو کیا جائے گا۔
وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا باضابطہ اعلان آج منگل کو کیا جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کو آرڈینیشن کمیٹی (این سی سی) اجلاس میں لاک ڈاؤن سے متعلق ملک بھر میں یکساں پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تعمیراتی سیکٹر کا پہلا فیز 14 اپریل سے کھولنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی کو آرڈی نیشن کمیٹی (این سی سی) کا اجلاس ہوا ہے جس میں کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے درخواست کی ہے کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل سندھ حکومت سے مشورہ کر لیا جائے۔
وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی درخواست کو منظور کر لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا اعلان منگل کو کیا جائے گا اور تعمیراتی سیکٹر کا پہلا فیز بھی 14 اپریل سے کھول دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن سے متعلق ایک جیسی پالیسی ہو جبکہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کو مزید توسیع دینے کا اعلان بھی آج کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے جزوی لاک ڈاؤن جاری ہے جس کی مدت آج 14 اپریل کو ختم ہو رہی ہے۔