پاکستان: صوبائی حکومت نے لاک ڈاؤن میں پھنسے کان کنوں کو گھروں تک پہنچانے کا لیا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں پھنسے کان کنوں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس کے لئے ایک اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں پھنسے کان کنوں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس کے لئے ایک اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی تفصیلات کے مطابق محکمۂ بحالی و آباد کاری خیبر پختونخوا نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے اور یہ اعلامیہ صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو جاری کیا گیا ہے۔ اس اعلامیہ میں شانگلہ کے کان کنوں کو گھر واپس پہونچانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کان کنوں کی واپسی کے لئے ٹرانسپورٹ میں رعایت دے دی گئی ہے، مزدوروں کے اپنے گھروں تک واپس جانے کے لئے حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں، مزدوروں کو لانے والی گاڑیوں کو سینیٹائزر سے دھویا جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابق مزدوروں کی روانگی سے قبل ان کی اسکریننگ کی جائے گی اور اپنے اضلاع پہنچنے پر ان مسافروں کو ضلعی انتظامیہ کے حوا لے کیا جائے گا اور یہ مسافر اپنے گھروں میں قائم قرنطینہ مراکز میں وقت گزاریں گے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ کان کنوں کی روانگی کے وقت ان کو ماسک، پینے کا پانی اور خوراک فراہم کی جائے گی۔