پاکستان: ٹیکسٹائل تنظیموں نے ایک دن کے لئے اپنی برآمدی سرگرمیاں بند کرنے کا کیا اعلان
پاکستانی ٹیکسٹائل تنظیموں نے مطالبات قبول کئے جانے تک ایک دن کے لئے اپنی برآمدی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستانی ٹیکسٹائل تنظیموں نے مطالبات قبول کئے جانے تک ایک دن کے لئے اپنی برآمدی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) اور ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے ریفنڈ کی فوری ادائیگی اور گیس ٹیرف میں کمی نہ کرنے کی صورت میں ہفتہ وار بنیادوں پر ایک دن کے لئے اپنی برآمدی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب میں اپٹما اور ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل ایسوسی ایشنز نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے، اس کانفرنس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل ایسوسی ایشنز کے رہنما جاوید بلوانی نے کہا ہے کہ حکومت کی قائم کردہ گیس ٹیرف کمیٹی میں وزرا اور سیکریٹریز کو شامل کیا گیا ہے لیکن کوئی اسٹیک ہولڈر شامل نہیں ہے۔
جاوید بلوانی نے مزید کہا ہے کہ ریفنڈز کی قسطوں میں ادائیگی سے ایکسپورٹ صنعتیں مالی بحران کا شکار ہیں اور 10 فی صد برآمدی صنعتیں بند ہوگئی ہیں اور اس کے بعد تاجر موجودہ حالات میں صنعتیں منتقل کرنے کی سوچ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ٹیکسٹائل ایسوسی ایشنز نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اپنے رویہ میں تبدیلی لائے اور پانچ برآمدی شعبوں کی زیرو ریٹنگ سہولت کو بحال کرے۔