پاکستان میں کورونا سے شفا یاب مریض کی طرف سے پلازما کا عطیہ
کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہیں اس چیلنج سے نمٹنے کی ایک کرن نمودار ہوئی ہے،
کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہیں اس چیلنج سے نمٹنے کی ایک کرن نمودار ہوئی ہے، کراچی میں 26 فروری کو سامنے آنے والے کورونا وائرس کے مریض نے شفایاب ہونے کے بعد اس مرض سے تشویش ناک حالت میں پہنچنے والے افراد کے پیسو امیونائزیشن کے ذریعے علاج کے لیے اپنا پلازما عطیہ کردیا ہے۔
ڈان نيوز کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والے یحییٰ جعفری کا کہنا تھا کہ ان کے والدین اور معروف ہیماٹولوجسٹ ڈاکٹر ثاقب انصاری نے حکومت سے مریضوں کے علاج کے لیے اس پلازما کے استعمال کی اجازت طلب کی ہے۔
ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ ہمیں فنڈز ، مشینری یا افرادی قوت کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ ہمارا اپنا ہسپتال مفت میں اپنی خدمات پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پلازما کے حصول اور اس کی کارروائی کے عمل میں ہر ایک پر 20 ہزار روپے لاگت آتی ہے، اور انسانیت کی فلاح کے لیے ہسپتال اس کی قیمت برداشت کرنے کے لیے تیار ہے، فی الحال ہماری ٹیم کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تین محاذوں پر کام کر رہی ہے، جن میں پھیلنے کو محدود کرنا، مریضوں کا علاج اور معاشرے میں پھیلے خوف و ہراس پر قابو پانا شامل ہے۔
انہوں نے نوجوان یحیٰی جعفری کی تعریف کی اور انہیں ’قوم کا ہیرو‘ کہا اور اس کے ساتھ ہی اس کے وبائی امراض کے خلاف جرات اور عزم کے لیے والدین کی بھی تعریف کی۔
ماضی میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کا پلازما ترقی یافتہ دنیا کے متعدد حصوں میں استعمال ہورہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بیجنگ میں دنیا کے ممتاز تحقیقی اداروں کے ساتھ تعاون سے ہونے والی حالیہ تحقیق کی بنیاد پر کورونا وائرس کے مریضوں میں پلازما انفیوژن کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طریقہ کار کا استعمال پوری دنیا میں اس بیماری کے سنگین مریضوں کے علاج کے لیے کیا جارہا ہے اور اس کی منظوری امریکہ کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے)، عالمی ادارہ صحت اور دیگر نامور اداروں کی جانب سے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بچوں کے ہسپتال اور امریکہ کا ہیوسٹن میتھوڈسٹ ہسپتال پہلے ہی اس سلسلے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ میں ہسپتال کے ڈاکٹر فضل محمود ڈاکٹر ثاقب انصاری کے ساتھ رابطے میں ہیں، اور دونوں وائرس سے متعلق دنیا کی پیشرفت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
بتادیں کہ شفا یاب ہونے والے یحییٰ جعفری نے کہا کہ مستقبل قریب میں یہ وائرس تاریخ کی حیثیت اختیار کرے گا اور جو یاد رکھا جائے گا وہ ہمارا عزم ہے۔
aXA6IDE4LjExOS4xMTguOTkg ejasoft island