وزیر اعظم پاکستان: علماء کی مشاورت سے رمضان المبارک کی حکمت عملی تشکیل دی جائے گی
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد علمائے کرام سے ملاقات کریں گے تاکہ ان کی رہنمائی میں رمضان المبارک کے حوالے سے حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد علمائے کرام سے ملاقات کریں گے تاکہ ان کی رہنمائی میں رمضان المبارک کے حوالے سے حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔
ڈان نیوز کی تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا کی صورتحال سے متعلق ایک اجلاس کا انعقاد کیا گيا ہے جس میں وزیر اعظم کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی طرف سے آج کے اجلاس پر بریفنگ دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے جبکہ ٹریکنگ، ٹیسٹنگ اور قرنطینہ میں منتقل کرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ حفاظتی سامان کی تیسری کھیپ کل تمام صوبوں کو ارسال کر دی جائے گی۔
وزیر اعظم عمران خان نے ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ رمضان کے پیش نظر حکمت عملی پر غور کیا جائے گا اور کورونا وائرس سے متعلق درست ڈیٹا اور معلومات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ بیان کے مطابق صحیح اعدادوشمار پر مبنی ڈیٹا کی بنیاد پر حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ اس امر کا تعین کیا جائے گا کہ آیا یہ کورونا کیس تھا یا کسی دیگر وجوہات کی بنیاد پر موت واقع ہوئی ہے؟
وزیر اعظم نے اجلاس سے اپنے خطاب میں حکومتی حکمت عملی بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام آدمی کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے محدود کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دی جائے گی، ضروری ہے کہ ہر فرد اپنی ذمہ داری کا احساس کرے، جہاں تک ممکن ہو سکے سماجی فاصلہ کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعظم نے ڈاکٹرس حضرات کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم ڈاکٹر، پیرا میڈکس اور دیگر میڈیکل اسٹاف کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، جو اس وبا کے خلاف ہراول دستہ بن کر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ میڈیا کو مثبت خبروں کے ساتھ غلط پراپیگنڈے کا مقابلہ کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ علمائے کرام کی رہنمائی سے ماہ رمضان کے حوالے سے حکمت عملی تشکیل دی جا سکے گی اور میں اس سلسلے میں جلد ان سے ملاقات کروں گا۔
aXA6IDE4LjIxNi4yNTEuMzcg ejasoft island