ٹرمپ نے 22 کھرب ڈالر کے اقتصادی ریلیف پیکج پر کیا دستخط
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کی جانب سے تقریباً متفقہ طور پر منظور ہونے کے بعد 22 کھرب ڈالر کے اقتصادی ریلیف پیکج پر دستخط کر کے اسے قانون کی شکل دے دی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کی جانب سے تقریباً متفقہ طور پر منظور ہونے کے بعد 22 کھرب ڈالر کے اقتصادی ریلیف پیکج پر دستخط کر کے اسے قانون کی شکل دے دی ہے۔
امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق اس پیکج کا مقصد گنجائش سے زیادہ بوجھ تلے دبے صحت کے نظام کو وسائل فراہم کرنا، کاروباروں کو سپورٹ اور کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے اثرات سے مشکلات کا شکار خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔
اوول آفس میں بل پر دستخط کرنے کے بعد امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس سے ہماری قوم کے خاندانوں، ورکرز اور کاروباروں کو فوری طور پر درکار ریلیف ملے گا۔
ساتھ ہی انہوں نے ریپبلکن اور ڈیموکریٹ دونوں جماعتوں کے اراکین کا امریکہ کو سب سے پہلے رکھنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
دستخط ہونے کے بعد جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی صدر نے بل میں اخراجات پر کانگریس کی نگرانی رکھنے کی کوشش پر اعتراض کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی حکومت اس قسم کی دفعات کو مشاورتی اور غیر پابند قرار دینے کے عمل کو جاری رکھے گی۔
جان ہوپکنز یونیورسٹی کی جانب سے دنیا بھر کے کورونا کیسز پر نظر رکھنے کے لئے قائم خصوصی ویب سائٹ پر موجود اعداد و شمار کے مطابق امریکہ بھر میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک ایک ہزار 711 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔