برطانیہ: وزیر اعظم کی حاملہ منگیتر نے محسوس کی کورونا کی علامتیں

عالمی وبا کورونا وائرس سب کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے، اس کے یہاں نہ تو امیر و غریب کا کوئی فرق ہے اور نہ ہی کالے اور گورے کا بلکہ وہ سب کے ساتھ انصاف کا معاملہ کر رہا ہے۔
عالمی وبا کورونا وائرس سب کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے، اس کے یہاں نہ تو امیر و غریب کا کوئی فرق ہے اور نہ ہی کالے اور گورے کا بلکہ وہ سب کے ساتھ انصاف کا معاملہ کر رہا ہے۔
نیوز 18 کے مطابق برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن کورونا وائرس کی علامتیں پائے جانے کے بعد آئسولیشن میں ہیں۔ اب ان کی منگیتر کیری سائمنڈس بھی کووڈ 19 سے متاثر ہونے کی علامتیں محسوس کر رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کیری سائمنڈس نے ٹویٹ کرکے بتایا ہے کہ وہ گزشتہ ایک ہفتہ سے کورونا وائرس کی اہم علامتوں کو محسوس کررہی ہیں۔ حالانکہ ان کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ ابھی نہیں ہوا ہے لیکن اس کے باوجود وہ گزشتہ ایک ہفتہ سے آرام کر رہی ہیں۔
وزیر اعظم بورس جانسن کی منگیتر کیری سائمنڈس گزشتہ ایک ہفتہ سے خود سے آئسولیشن میں ہیں اور بورس جانسن سے الگ رہ رہی ہیں۔ انہوں نے ٹویٹ کرکے بتایا ہے کہ وہ ایک ہفتہ کے آرام کے بعد اب خود کو مضبوط اور اپنی صحت میں بہتری محسوس کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کیری نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ میں نے گزشتہ ہفتہ بستر پر کورونا وائرس کی اہم علامتوں کے ساتھ گزارا ہے البتہ میں نے ابھی تک ٹیسٹ کروانے کی ضرورت محسوس نہیں کی ہے اور اب سات دنوں کے آرام کے بعد میں خود کو بہتر محسوس کر رہی ہوں اور میری صحت میں بھی بہتری آرہی ہے۔
خیال رہے کہ کیری سائمنڈس حاملہ بھی ہیں۔ ایسے میں انہوں نے ٹویٹ کے ذریعہ حاملہ خواتین کو مشورہ بھی دیا ہے کیونکہ بچوں اور سن رسیدہ افراد کے ساتھ ساتھ حاملہ خواتین کو کورونا وائرس کے سب سے رسک بھرے زمرے میں رکھا جاتا ہے۔ کیری نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ کووڈ 19 کے ساتھ حاملہ ہونا یقینی طور پر تشویشناک ہے، اس کے بعد انہوں نے رایل کالج آف آبسٹیٹریشین اور نسوانی امراض کے ماہرین کا ایک لنک بھی شیئر کیا ہے اور سبھی حاملہ خواتین سے اس کو پڑھنے کی اپیل کی ہے۔