پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب 9565 افراد ہوئے متاثر
پاکستان میں کورونا وائرس تشویشناک حد تک تیزی سے پھیل رہا ہے اور حالیہ دنوں میں کیسز میں تیزی کے بعد متاثرین کی تعداد 9 ہزار 565 جبکہ اموات 201 تک پہنچ چکی ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس تشویشناک حد تک تیزی سے پھیل رہا ہے اور حالیہ دنوں میں کیسز میں تیزی کے بعد متاثرین کی تعداد 9 ہزار 565 جبکہ اموات 201 تک پہنچ چکی ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق اس عالمی وبا سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے 185 سے زائد ملک متاثر ہیں اور اس وقت امریکہ اس وائرس کے پھیلاؤ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
پاکستان میں بھی اس وائرس کے پھیلاؤ میں رواں ماہ سے تیزی دیکھنے میں آئی ہے، تاہم گزشتہ 2 سے 3 روز میں نہ صرف کیسز بلکہ اموات میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے۔
20 اپریل کو ملک میں ایک ہی روز میں 24 اموات واقع ہوئیں جو ملک میں ایک دن میں سب سے زیادہ اموات کا ریکارڈ ہے۔
اگرچہ اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملکی سطح پر مختلف پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن نافذ ہے، تاہم اس کے باوجود روزانہ ایسی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آتی ہیں جس میں حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کی جارہی ہوتی ہے۔