پاکستان: ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت
ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ فیصل ایدھی نے گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی.
ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق سماجی کارکن فیصل ایدھی اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں جن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ فیصل ایدھی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایسے افراد کی فہرست تیار کی جارہی ہے جن سے انہوں نے حالیہ دنوں میں ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے کچھ عملے اور فیصل ایدھی کے اہل خانہ کے بھی کورونا ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔
دوسری جانب ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ فیصل ایدھی ایک ہفتہ قبل کراچی سے لاہور گئے تھے اور 5 دن قبل انہوں نے اسلام آباد میں وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی، ان کا 2 روز قبل کورونا کا ٹیسٹ کروایا گیا تھا جس کی آج رپورٹ آئی ہے۔
ادھر فیصل ایدھی نے بھی جیو نیوز سے ٹیلی فون پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں موجودگی کے دوران 16اپریل کو سردرد، بخار محسوس ہوا، دو روز تک یہی علامات رہیں تو دوستوں نے ٹیسٹ کا مشورہ دیا، بظاہر کوئی علامت نہیں لیکن ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
فیصل ایدھی نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر نے ایک ہفتے تک انہیں آئسیولیشن میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ فیصل ایدھی نے گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی اور انہیں کورونا ریلیف فنڈ کے لئے چیک پیش کیا تھا.
aXA6IDMuMTUuMjI1LjE3MyA= ejasoft island