اے ڈی بی: رکن ممالک کے لئے 20 ارب ڈالر کے وائرس ریسکیو پیکیج کا اعلان
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ترقی پذیر ملکوں کے لیے 20 ارب ڈالر کے کورونا وائرس ریسکیو پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ترقی پذیر ملکوں کے لیے 20 ارب ڈالر کے کورونا وائرس ریسکیو پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
اے ڈی بی کی جانب سے دیا گیا پیکیج اپنے ترقی پزیر ممبر ممالک میں معاشی نقصانات کی بحالی کے لیے ہے۔
پیکیج میں کورونا وائرس سے متاثرہ ترقی پذیر ممبر ممالک کے بجٹ میں ہونے والے خسارے کے لیے 13 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں جبکہ نجی شعبے کے لیے 2 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے ترقی پذیر ممبر ممالک میں افغانستان سے میانمار اور ہندوستان سے چین تک کے ممالک شامل ہیں۔
بینک کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی معیشتوں کی بندش نے کساد بازاری کی فضا پیدا کردی ہے۔
اے ڈی بی کورونا وائرس سے امریکہ اور یورپ جیسی بڑی معاشی قوتوں کے متاثر ہونے کے باعث عالمی معیشت کو 4100 ارب ڈالر نقصانات کاخدشہ ظاہر کرچکا ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 18 لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جن میں سے ایک لاکھ 16ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں اقوام متحدہ اور عالمی مالیاتی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ترقی پذیر ممالک کی مدد کریں اور قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف دیں تاکہ وہ کورونا سے نمٹ سکیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو 35 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کر چکا ہے جبکہ عالمی بینک نے بھی ایک ارب ڈالرز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔