کورونا وائرس: ماؤنٹ ایورسٹ کو سیاحوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے
نیپال نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو بھی بند کردیا ہے۔
نیپال نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو بھی بند کردیا ہے۔
نیپالی وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بھی ماؤنٹ ایورسٹ کو 30 اپریل تک بند کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 2020 کے سیزن کے لئے پہلے سے جاری کئے گئے اور آئندہ جاری ہونے والے تمام اجازت نامے منسوخ کردئے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ نیپالی حکومت نے سیاحوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ 14 مارچ سے ملک میں آنے والے سیاح 14 روز کا قرنطینہ اختیار کریں۔
یاد رہے کہ امریکہ، بھارت، چین، برطانیہ، جاپان اور جنوبی کوریا سے زیادہ تر مہم جو ماؤنٹ ایورسٹ پر مہم جوئی کے لئے آتے ہیں اور یہ حکومت کے ریونیو کا ایک بہت بڑا ذریعہ بھی ہے۔
نیپال کے مقامی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نیپالی سیاحت کے شعبے میں ماؤنٹ ایورسٹ کی مہم جوئی سے سالانہ 4 ملین ڈالرز کی آمدنی ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ نیپال میں اب تک کورونا وائرس کے ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد حکومت نے حفاظتی انتظامات تیز کردئے ہیں اور بھارت کے ساتھ ملنے والی سرحد کو بند کردیا ہے۔
حکومت نے عوام سے شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات اور عوامی اجتماعات منعقد کرنے سے گریز کرنے درخواست کی ہے۔