انگلینڈ کرکٹ بورڈ: کورونا وائرس سے 300 ملین پاونڈ یعنی تقریباً 28 ارب روپیہ کا ہو سکتا ہے نقصان
انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی)کی مانیں تو اس وبا سے اسے 300 ملین پاونڈ یعنی تقریباً 28 ارب روپئے کا نقصان ہو سکتا ہے۔
کورونا وائرس سے پوری دنیا متاثر ہے اور ساری سرگرمیان ٹھپ ہو گئی ہیں۔ زندگی کی رفتار گویا کہ رک سی گئی ہے۔ فلموں کی شوٹنگ سے لےکر کھیلوں کے انعقاد تک ٹھپ ہوگئے ہیں، اگر انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی)کی مانیں تو اس وبا سے اسے 300 ملین پاونڈ یعنی تقریباً 28 ارب روپئے کا نقصان ہو سکتا ہے۔
نیوز 18 کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے سربراہ ٹام ہیریسن نےکہا ہےکہ کووڈ -19 وبا کی وجہ سے اگر آئندہ سیشن میں کرکٹ نہیں کھیلا جاتا ہے تو ای سی بی (ECB) کو 300 ملین پاونڈ سے زیادہ کا نقصان ہوسکتا ہے۔ ہیریسن ای سی بی کے ان ملازمین میں شامل ہیں، جو اس بحران سے نجات پانےکے لئے اپنی تنخواہ میں کٹوتی کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ (England Cricket Board) کی جمع پونجی 17-2016 میں 7 کروڑ 30 لاکھ پاونڈ تھی، جو 19-2018 میں گھٹ کر ایک کروڑ دس لاکھ پاونڈ رہ گئی تھی۔ ایسے میں اگر اس سیشن میں کرکٹ نہیں کھیلا جاتا ہے تو ای سی بی کے مالیاتی فنڈ پر برا اثر پڑ سکتا ہے۔
ہیریسن نے واضح کیا ہے کہ ہم صرف کھیل پرکُل مالیاتی اثرکا اندازہ لگا سکتے ہیں، جوکہ کچھ وقت تک واضح نہیں ہوگا، لیکن تخمینہ کے مطابق پورا کرکٹ سیشن گنوانے پر انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ کو 30 کروڑ پاونڈ سے بھی زیادہ کا نقصان ہوگا۔
آپ کو بتا ديں کہ انگلینڈ نے کووڈ-19 جیسی خطرناک وبا کے سبب 28 مئی تک سبھی طرح کے کرکٹ میچ کو ملتوی کر دیا ہے۔ اس بیماری کے سبب پوری دنیا میں ابھی تک 40000 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سال کاونٹی سیشن کو لے کر غیر یقینی صورتحال کا ماحول بنا ہوا ہے۔ پہلے کاونٹی سیشن 12 اپریل سے ہونا تھا۔ ہیریسن ان حالات میں مرکزی معاہدے والے کھلاڑیوں کی تنخواہ میں 20 فیصد کی کٹوتی چاہتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ کھلاڑی اسے قبول کریں گے۔ حالانکہ رپورٹ کے مطابق پی سی اے نے ابھی تک خط کا جواب نہیں دیا ہے۔
aXA6IDMuMTMzLjE0NC4xOTcg ejasoft island