عمران خان کی زیر صدارت معیشت سے متعلق مالی پیکیج پر عمل درآمد کا جائزہ اجلاس
وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت معیشت اور معاشی سرگرمیوں سے متعلق مالی پیکیج پر عمل درآمد کرنے کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا ہے۔
وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت معیشت اور معاشی سرگرمیوں سے متعلق مالی پیکیج پر عمل درآمد کرنے کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا ہے۔
جيو نيوز کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء فخر امام، حماد اظہر، عمر ایوب اور اسد عمر سمیت وزیر اعظم کے مشیران عبد الحفیظ شیخ، عبد الرزاق داؤد ،ڈاکٹر عشرت حسین اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) بھی شریک ہوئے ہیں۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن سمیت دیگر سینیئر افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے ہیں، سیکرٹری خزانہ نے مختلف شعبوں کو مالی معاونت کی تفصیلات اور اس حوالے سے ہونے والی پیشرفت سے آگاہ بھی کیا ہے۔
شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا کے حوالے سے مختلف شعبوں کی سپورٹ کے لیے 1.2 کھرب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وائرس کی روک تھام، تشخیص، علاج اور انتظامات کے لیے 25 ارب روپیہ این ڈی ایم اے کو جاری کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ طبی آلات اور طبی عملے کی سہولیات کے لیے 50 ارب رکھے گئے ہیں جبکہ خوراک اور صحت سے متعلق سامان پرٹیکس کی چھوٹ کی مد میں 15 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ دیہاڑی دار مزدروں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے 200 ارب روپیہ مختص کیے ہیں اور کمزورطبقوں اور پناہ گاہوں کے لیے 150 ارب روپے مختص کیے ہیں جن کااجرا کیا جا چکا ہے۔