عمران خان کا کورونا سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی موت پر اظہار افسوس
وزیر اعظم عمران خان نے کورونا سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے
وزیر اعظم عمران خان نے کورونا سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے اور کہا ہے کہ آپ وطن سے دور ہیں اور ملک کے لئے قابل فخر خدمات انجام دے رہے ہیں، ہم آپ کو نہیں بھول سکتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بیرون ملک بسنے اور کام کرنے والے لاتعداد پاکستانیوں کی کورونا کے باعث اموات پر مجھے بےحد افسوس ہے، بہت سے پاکستانی کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پرجاں بحق ہوئے ہیں، میری تمام تر دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میں کورونا میں مبتلا اپنے ہم وطنوں کی جلد شفایابی کے لئے دعا گو ہوں، آپ وطن سے دور ہیں اورملک کے لئے قابل فخر خدمات انجام دے رہے ہیں، آپ سب ہماری دعاؤں کاحصہ ہیں، ہم آپ کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے ہیں، آپ ہمارے لئے فخر کاسامان ہیں اور اپنی ترسیلات و عطیات سے پاکستان کی ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کرنے والا ہمارا عظیم ترین اثاثہ ہیں۔