چین کے ووہان میں ایک ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ واپسی کےلئے تذبذب کا شکار
چین میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے صوبے ہوبے کے مرکزی شہر ووہان میں پھنسے ایک ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ رواں ہفتے ختم ہونے والے طویل اور کٹھن لاک ڈاؤن سے آزاد ہوچکے ہیں،
چین میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے صوبے ہوبے کے مرکزی شہر ووہان میں پھنسے ایک ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ رواں ہفتے ختم ہونے والے طویل اور کٹھن لاک ڈاؤن سے آزاد ہوچکے ہیں، تاہم وہ پاکستان واپسی کا فیصلہ نہیں کرپائے ہیں جہاں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
رائٹرز کے مطابق پی ایچ ڈی کے طالب علم میر حسن بھی ووہان میں 11 ہفتوں کے لاک ڈاؤن میں محصور رہنے والے افراد میں شامل ہیں اور وہ اپنے ملک لوٹنے کے لئے بے چین ہیں۔
میر حسن جلد سے جلد اپنی ماں سے ملنا چاہتے ہیں جبکہ ان کے والد فروری میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرچکے ہیں اور بیٹے سے آخری مرتبہ رابطے میں ان کی وطن واپسی کی درخواست کر رہے تھے۔
ڈان نيوز کے مطابق چین میں موجود طالب علم نے کہا کہ میں گھر واپس جانا چاہتا ہوں، کیونکہ وہ میرا مادر وطن ہے، میں روزانہ اپنی ماں کو فون کرتا ہوں اور وہ روتی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اب تک یہ تعداد 4 ہزار 688 ہوچکی ہے اور صرف پنجاب میں 2250 سے زائد متاثرین سامنے آچکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 68 جبکہ صحت یاب متاثرین کی تعداد 727 ہوگئی ہے اور لاک ڈاؤن بھی ملک بھر میں جاری ہے اور ماہرین اس میں توسیع کی تجویز دے رہے ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی رپورٹس کے باوجود چین میں موجود کئی طلبہ واپسی کے لیے تیار ہیں جس کے لیے وہ کمرشل پرواز یا حکومت کی جانب سے مہیا کرائے جانے والی خصوصی پروازوں کی تلاش میں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حکومت تاحال ووہان میں پھنسے ہوئے طلبہ کی واپسی کو نظر انداز کیے ہوئے ہے، جبکہ دیگر کئی ممالک نے اپنے شہریوں کو وہاں سے واپس بلا لیا ہے۔
لاک ڈاؤن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے میر حسن کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن سے گہرے نفسیاتی اثرات پڑے ہیں، اس میں والد کی وفات نے ذہنی دباؤ میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک کمرے میں تناؤ میں اضافہ ہوتا ہے اور ڈپریشن میں بھی، تاہم ووہان میں باہر جانے کی خبر سے خوشی ملی ہے، لیکن نفسیاتی دباؤ بدستور موجود ہے۔
aXA6IDMuMTMxLjExMC4xNjkg
ejasoft island