کورونا پر قابو پانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت مشرق وسطی کی بیشتر مارکیٹیں عروج پر
مہلک بیماری کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت مشرق وسطی کی بیشتر مارکٹوں نے عروج کا سفر شروع کر دیا ہے۔
عالمی وبا جس نے پوری دنیا کے اقتصادی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور دنیا کی بیشتر شیئر مارکیٹیں بھی اس کے اثر سے اپنے آپ کو محفوظ نہ رکھ سکی ہیں، آج اس مہلک بیماری پر قابو پانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت مشرق وسطی کی بیشتر مارکٹوں نے عروج کا سفر شروع کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق مشرق وسطی کے بیشتر تجارتی تبادلوں میں اتوار کے روز اضافہ ہوا ہے کیونکہ دنیا کے بہت سے ممالک نے تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے سخت اقدامات نافذ کئے ہیں اور ساتھ ہی حکام نے اربوں ڈالر پمپ بھی کئے ہیں لیکن اس وائرس کی وجہ سے قطر میں پہلی موت کے بعد وہاں کی مارکیٹ میں کمی واقع ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی میں انڈیکس میں 2.9 فیصد ترقی ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے سب سے بڑے فرسٹ ابو ظہبی بینک میں 6.2 فیصد اور اتصالات کے حصص میں 3.2 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا ہے۔
بتا دیں کہ دبئی انڈیکس میں 1.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، ریئل اسٹیٹ میں 5.7 فیصد اور دبئی انوسٹمنٹ میں 3.7 فیصد کے اضافے کے ساتھ آگے ہے۔
متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل حمد سیف الشامسی نے اپنے ایک بیان میں کورونا سے متعلق جرمانے کی تفصیل بتائی ہے، جس میں گھریلو تنہائی پر عمل نا کرنے کی صورت میں 50000 درہم (13613 ڈالر) اور کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لئے 3000 درہم جرمانہ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ خطے کے کاروبار اور سیاحت کے مرکز دبئی نے انخلاء کی پروازوں کو چھوڑ کر اپنے بڑے ہوائی اڈوں پر تمام مسافر پروازوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
aXA6IDMuMTM4LjEyNS4xMzkg ejasoft island