پاکستان: پشاور کے پولیس چیک پوسٹ کے قریب بم دھماکے میں 10 افراد زخمی
پشاور میں ایک پولیس چیک پوسٹ کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور پولیس اہلکار سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پشاور میں ایک پولیس چیک پوسٹ کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور پولیس اہلکار سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا ہے، ریسکیو کے ترجمان نے کہا ہے کہ 9 زخمیوں میں 5 خواتین اور 4 مرد شامل ہیں اور ان میں 2 خواتین کی حالت نازک ہے۔
ڈان نيوز کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی نے دھماکے میں 10 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے مزيد کہا ہے کہ دھماکا ضلع خیبر کی حدود کے ساتھ موجود پشاور پولیس چیک پوسٹ کے قریب ہوا ہے جبکہ بم سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔
اے آئی جی بم ڈسپوزل اسکواڈ شفقت ملک نے کہا ہے کہ دھماکا دستی بم کا تھا اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جبکہ شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
خيال رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز پر متعدد حملے ہو چکے ہیں۔