پاکستان: کورونا وائرس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں کمی
ملک میں کورونا وائرس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں کمی واقع ہو گئی ہے، گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 55 فیصد کمی آئی ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں کمی واقع ہو گئی ہے، گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 55 فیصد کمی آئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈیزل کی فروخت میں گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 31 فیصد کمی ہوئی ہے اور فرنس آئل کی فروخت میں گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 62 فیصد کمی ہوئی ہے۔
مارچ کے آخری 15 روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 40 فیصد کمی ہوئی ہے، بتادیں کہ مارچ کے آخری 15 روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت 26 ہزار ٹن یومیہ رہی ہے اور اس طرح رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 13 فیصد کی کمی آئی ہے۔
ادھر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 18 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت 21 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت 20 ڈالر فی بیرل تک ٹریڈ ہوتے ہوئے دیکھا گیا ہے، تاہم آج خام تیل کی قیمت میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے اور امریکی خام تیل کی قیمت 4.7 فیصد اضافے کے ساتھ 21 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
برینٹ خام تیل کی قیمت ڈیڑھ فیصد اضافے کے ساتھ 26 ڈالر 83 سینٹ فی بیرل ہوگئی ہے۔ آئل انڈسٹری ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کے باعث عالمی سطح پر خام تیل کی عالمی طلب میں نمایاں کمی آئی ہے۔ سعودی عرب اور روس کے درمیان جاری قیمتوں کی جنگ بھی قیمت میں کمی کا باعث بن رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث آئل امپورٹنگ ممالک کے لئے کافی آسانی ہو جائے گی۔