پاکستان: پاک-افغان سرحد پر کارگو ٹرکوں کی آمدورفت ہفتے میں تین دن جاری رکھنے کا فیصلہ
پاکستانی حکومت نے پاک-افغان سرحد پر کارگو ٹرکوں کی آمد ورفت ہفتے میں تین دن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستانی حکومت نے پاک-افغان سرحد پر کارگو ٹرکوں کی آمد ورفت ہفتے میں تین دن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق افغان حکومت کی خصوصی درخواست اور انسانی بنیادوں پر پاکستان نے طورخم اور چمن بارڈر پر کارگو ٹرکوں کی آمد ورفت ہفتے میں 3 روز بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی حکومت کی خصوصی درخواست اور انسانی بنیادوں پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ طورخم اور چمن سرحد پر ہفتے میں تین روز کارگو ٹرکوں اور کنٹینروں کو جانے کی سہولت دی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے وضاحت کی ہے کہ یہ قدم فریقین کے درمیان مشاورت اور رابطے کے بعد متفقہ طریقۂ کار کے تحت اٹھایا جارہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پڑوسی اور برادرانہ تعلقات کے پیش نظر پاکستان بدستور افغانستان کے عوام سے بالخصوص عالمی وبا کے حالات میں یکجہتی کا اظہار کررہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے گزشتہ ماہ افغانستان کو ملانے والی سرحد چمن اور طورخم کو بند کردیا تھا۔
کورونا وائرس کے پیش نظر 13 مارچ کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ایران اور افغانستان کے ساتھ بارڈر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
aXA6IDMuMTQzLjE2OC4xNzIg ejasoft island