مشرق وسطی میں کشیدگی کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں آئی مندی
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مشرق وسطی کی صورتحال اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کے اثرات کے باعث بلندی کی طرف جانے والی حصص مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز مندی آ گئی ہے۔ 100 انڈیکس میں 157.46 پوائنٹس کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔

دنیا نیوز کی تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے کاروبار کے آخری اور رواں سال کے تیسرے دن کاروبار کا آغاز 100 انڈیکس کے رکارڈ کے ساتھ مثبت انداز میں ہوا تھا اور پہلے ہی دو گھنٹوں کے دوران 100 انڈیکس 42689.78 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا اور اسی تیز رفتاری کے ساتھ ایک موقع پر انڈیکس 42835.08 پوائنٹس کی سطح پر بھی پہنچ گیا تھا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ آج دوپہر تین بجے تک سٹاک مارکیٹ میں تیزی چل رہی تھی لیکن اس تیزی کے باوجود انڈیکس میں بڑی مندی دیکھنے میں آئی ہے اور 600 پوائنٹس کی گراوٹ کے باعث انڈیکس 42077 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا ہے۔ مارکیٹ میں چھائی غیر یقینی صورتحال کے باعث انویسٹرز نے سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لیا ہے جس کی وجہ سے حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس 157.46 پوائنٹس کی مندی کے بعد 42323.30 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کے دوران مندی کی سب سے بڑی وجہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کا ایک دم بڑھنا ہے اور مشرق وسطی کی کشیدہ صورتحال کے باعث انویسٹرز کا شیئرز کی فروخت کو ترجیح دینا ہے۔