جنوب مشرقی افغانستان میں طالبان کے حملے میں 23 فوجی ہلاک
فوج میں بھرتی طالبان کے ایک گروہ نے ملک کے جنوب مشرقی صوبہ غزنی میں فائرنگ کر کے 23 فوجی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے
فوج میں بھرتی طالبان کے ایک گروہ نے ملک کے جنوب مشرقی صوبہ غزنی میں فائرنگ کر کے 23 فوجی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔
مقامی کونسل کے ارکان عصمت اللہ جمرودوال اور امان اللہ کامران نے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع قاراباغ میں قائم ایک فوجی اڈے پر پیش آیا ہے۔
ڈی پی اے کے مطابق اس واقعے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کر لی ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس واقعے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 32 ہے۔ تاہم آزاد ذرائع سے ہلاکتوں کی اصل تعداد کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔
گذشتہ بدھ کو امریکی فوج کے ایک بڑے اڈے پر دہشت گردوں کا حملہ ہوا ، جس میں دو افراد ہلاک اور 70 سے زیادہ زخمی ہوئے۔
اس حملے کے ردعمل میں جمعہ کے دن امریکی خصوصی ایلچی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے اعلان کیا تھا کہ بات چیت طالبان کے ساتھ بند ہوگئی ہے۔
افغان صوبہ غزنی میں اس طرح کے واقعات لگاتار ہوتے رہتے ہیں جن کے پیچھے اکثر طالبان کا ہاتھ ہوتا ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ دو سالوں کے دوران اس صوبے کے مختلف اضلاع میں اس طرح کے حملوں میں درجنوں افغان فوجی مارے جا چکے ہیں۔