افغانستان کے صدر اور امریکہ کے وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفون رابطہ
افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی اور امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو میں ٹیلیفون رابطہ ہوا ہے جس میں امریکہ اور طالبان کے ما بین جاری مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی اور امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو میں ٹیلیفون رابطہ ہوا ہے جس میں امریکہ اور طالبان کے ما بین جاری مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ منگل کی شام کو ہونے والی اس گفتگو میں پومپیو نے اشرف غنی کو طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات میں اہم پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
اشرف غنی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ سیکرٹری نے مجھے تشدد میں نمایاں اور دیرپا کمی لانے کے لئے طالبان کی تجاویز سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہم اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہیں اور خوش ہیں کہ امن پر ہمارے اصولی موقف کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، ہمارا بنیادی مقصد احمقانہ خونریزی ختم کرنا ہے۔
نوائے وقت کے مطابق اس مہینے کے شروع سے اب تک امریکی وفد اور طالبان کے نمائندوں میں مذاکرات کے لئے کچھ ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ اتوار کے روز افغانستان میں امن کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندہ زلمے خلیل زاد نے طالبان کے شریک بانی ملا برادر سمیت طالبان کے متعدد رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔ اشرف غنی نے کہا ہے کہ ایسا کرنے سے افغانستان کے لوگ پورے اتفاق رائے سے ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ ان کے رہنماؤں کے پاس مقصد حاصل کرنے کے لئے جرات، قابلیت اور ضروری وسائل موجود ہیں۔ افغان رہنما نے مزید کہا ہے کہ افغانستان اگلا قدم اس طرح سے اٹھائے گا کہ جس سے امن کے اس تمام عمل کو مکمل مدد ملے، اور اس کے ساتھ ہی عوام کو بھی تمام پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔
aXA6IDE4LjIxNi4yMzMuNTgg ejasoft island