برطانیہ: 42 سال سے ایک ہی اخبار کو مسلسل غصیلے خط لکھنے والا شخص
70 سالہ برنی کیرول نامی ایک برطانوی شخص نے مسلسل 42 سال تک ایک ہی اخبار کو اپنی ناراضگی کے خطوط لکھ کر ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
70 سالہ برنی کیرول نامی ایک برطانوی شخص نے مسلسل 42 سال تک ایک ہی اخبار کو اپنی ناراضگی کے خطوط لکھ کر ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق 70 سالہ برنی کیرول 1978 سے "دی لیور پول ایکو" نامی اخبار کو خط تحریر کر رہے ہیں البتہ ان کے خطوط میں شکایات اور بے معنی باتوں کے ڈھیر بھی ہیں۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق وہ اب تک 40 لاکھ الفاظ پر مبنی 15 ہزار سے زائد خطوط لکھ چکے ہیں۔ پہلے انہوں نے 1970 اور 1980 کے عشرے میں لیور پول میں قائم کی جانے والی عسکری کونسل پر اپنی ناپسندیدگی پر خط لکھے اور اس کے بعد خط لکھنے کا سلسلہ نہیں رکا۔
اس کے بعد برنی نے اپنے ارد گرد مسائل پر خط لکھنا شروع کیا یہاں تک کہ اخباری خطوط میں لوگوں کے رویہ کی بھی شکایت کی اور اب تازہ خطوط میں وہ اپنا غصہ آتش بازی کرنے والوں اور پارکوں میں فضلہ بڑھانے والے پالتو کتوں پر اتار رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ میں جانتا ہوں کہ میرے خطوط لکھنے سے کچھ نہیں بدلے گا لیکن دل کا غبار ہلکا کرنے کے لئے میرے پاس اس سے بہتر کوئی اور راستہ نہیں بچا ہے۔ ان کے مطابق اندر کا غصہ ٹھنڈا کرنے کے لئے اخبارات کو خط لکھنا ایک اچھا مشغلہ ہے۔