امریکہ - طالبان امن معاہدہ: افغان حکومت کی طرف سے 900 سے زائد طالبان قیدی رہا

امریکہ - طالبان امن معاہدہ کے تحت افغانستان کی حکومت نے اب تک 900 سے زائد طالبان کے قیدیوں کو رہا کردیا ہے جبکہ افغان طالبان نے بھی 132 قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔
امریکہ - طالبان امن معاہدہ کے تحت افغانستان کی حکومت نے اب تک 900 سے زائد طالبان کے قیدیوں کو رہا کردیا ہے جبکہ افغان طالبان نے بھی 132 قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔
سماء نیوز کے مطابق افغانستان کی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل نے کہا ہے کہ کابل انتظامیہ امریکہ کے ساتھ افغانستان میں جنگ کے خاتمے کے معاہدے کے تحت اب تک 900 سے زائد طالبان قیدیوں کو رہا کر چکی ہے۔ کابل نے اب تک کم خطرہ رکھنے والے ان طالبان قیدیوں کو رہا کیا ہے جو لڑائی سے دور رہنے کے عزم کا اظہار کر چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ طالبان نے اپنے قیدیوں کے بدلے 132 افغان انتظامیہ کے قیدیوں کو رہا کیا ہے اور کابل انتظامیہ تاخیر کرنے کا حربہ اپنا رہی ہے کیونکہ امن معاہدے پر عمل درآمد کے لئے رہائی کے عمل میں تیزی لانا ضروری ہے۔
افغان امن وسلامتی کے امریکی نمائندہ زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے قیدیوں کی رہائی جنگ زدہ ملک میں تشدد کی کمی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔