طالبان معاہدہ کے تحت امریکی افواج کا افغانستان سے انخلا شروع
امریکہ نے قطر کے دار الحکومت میں طالبان کے ساتھ ہونے والے معاہدہ کے تحت افغانستان سے اپنی افواج کا انخلا شروع کردیا ہے
خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایک امریکی عہدے دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکہ نے قطر کے دار الحکومت میں طالبان کے ساتھ ہونے والے معاہدہ کے تحت افغانستان سے اپنی افواج کا انخلا شروع کردیا ہے۔
امریکہ اور طالبان نے 29 فروری کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک امن معاہدہ پر دستخط کیا تھا جس کے نتیجہ میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس فیصلہ سے ملک میں 18 سال سے جاری تشدد اور جنگ کے حالات کا خاتمہ ہوگا۔
اس معاہدہ کے لحاظ سے افغانستان سے 14 ماہ کے اندر امریکی اور نیٹو افواج کا مکمل انخلا ہونا طے پایا ہے۔
معاہدہ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کو تمام فریقوں کے ساتھ سیاسی قیدیوں اور جنگجوؤں کی رہائی کے لئے فورا کام کرنا چاہئے اور اس کے علاوہ واشنگٹن اور افغان حکومت کو بھی تقریبا 5 ہزار قیدیوں کو رہا کرنا ہے اور طالبان کو 10 مارچ تک تقریبا ایک ہزار قیدیوں کو رہا کرنا ہے۔
اس معاہدہ میں اگست 2020 تک امریکہ کی طرف سے طالبان کے ممبروں پر پابندیوں کو ختم کرنا بھی شامل ہے۔