پاکستان میں کورونا سے مزید 22 افراد جاں بحق، کل ہلاکتیں 167 اور مریضوں کی تعداد 8411 ہوگئی
پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 22 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 167 ہوگئی ہے، جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 8411 تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 22 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 167 ہوگئی ہے، جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 8411 تک پہنچ گئی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے میں مہلک وائرس سے ہلاکتیں خیبرپختونخواہ، سندھ اور پنجاب میں رپورٹ ہوئی ہیں۔
خیبرپختونخواہ کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 10 افراد مہلک وائرس کا شکار بن گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور اور سوات میں 4، 4 جبکہ مردان اور ایبٹ آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صوبے میں مہلک وائرس سے اموات 60 تک جاپہنچی ہے جو اب تک ملک کے کسی بھی صوبے کے مقابلے میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 8 افراد کا انتقال ہوا ہے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 56 ہوگئی ہے۔
صوبہ سندھ مہلک وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں دوسرے نمبر پر ہے۔
اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 4 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
بتادیں کہ ملک میں مزید 22 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 167 تک جاپہنچی ہے جس میں سے خیبرپختونخواہ میں 60، سندھ میں 56، پنجاب میں 41، بلوچستان میں 5 ، گلگت میں 3 اور اسلام آباد میں 2 افراد کا انتقال ہوا ہے۔