کورونا وائرس: پاکستان میں 2 مریض ہلاک اور متاثرین کی مجموعی تعداد ہوئی 307
پاکستان میں کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 307 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 307 ہو گئی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق گزشتہ روز کورونا وائرس سے 2 ہلاکتیں ہوئی ہیں، جن میں ایک مردان اور دوسری پشاور میں ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 208 ہوگئی ہے جبکہ لاہور میں کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز کی تصدیق کے بعد صوبے پنجاب بھر میں مریضوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے۔ ترجمان پنجاب نے بتایا ہے کہ 5 مریضوں میں پیپلز پارٹی کے مرحوم سینیٹر کی بیٹی بھی شامل ہیں جو چند روز قبل برطانیہ سے پاکستان پہنچی ہیں۔
گزشتہ روز ضلع بونیر میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد صوبے خیبرپختونخواہ میں مریضوں کی تعداد 19ہوگئی ہے، متاثرہ شخص ایک ہفتہ قبل متحدہ عرب امارات سے آیا ہے۔
گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز سامنے آنے کے بعد وہاں کل تعداد 15 ہوگئی ہے۔ اسلام آباد میں 4 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 8 ہوگئی ہے۔ بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 7 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 23 ہوگئی ہے، تاہم آزاد کشمیر میں ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔