پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث مریضوں کی تعداد 687 تک جا پہنچی
پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 687 تک جا پہنچی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 687 تک جا پہنچی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اس وقت سندھ میں 333، پنجاب میں 152، بلوچستان میں 104، خیبر پختونخوا میں 31، اسلام آباد میں 11، گلگت بلتستان میں 55 اور آزاد کشمیر میں ایک مریض اس موذی مرض میں مبتلا ہے۔
پاکستان میں محکمہ صحت کے مطابق صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 41 کیسز منظر عام پر آنے کے بعد صوبے میں اس مرض میں مبتلا افراد کی مجموعی تعداد 333 ہو گئی ہے۔
ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق ان کیسز کے بعد کراچی میں متاثرہ افراد کی تعداد 123 ہو چکی ہے جن میں 77 مقامی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس سے ابھی ایک شخص ہلاک اور 3 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تفتان سے سکھر آنے والے زائرین کے کیسز اب 210 ہو چکے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی مریض 333 ہو گئے ہیں۔ اگر ملک کے اعدادوشمار پر نظر ڈالیں تو یہ تعداد 687 تک پہنچ چکی ہے۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا وائرس اور کلوروکوئین نامی دوا کے درمیان تعلق جاننے کے لئے ایک گروپ بنا دیا ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ یہ گروپ کورونا وائرس کے ممکنہ علاج کے لئے کلوروکوئین کے استعمال سے متعلق حکومت کو مزید آگاہ کرے گا۔
اس موقع پر مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ تمام بین الاقوامی آپریشنز معطل ہونے کے بعد سفر شروع نہ کریں اور جہاں ہیں وہیں رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی پروازوں کی معطلی سے آنے والی مشکلات کا فوری حل تلاش کرنے کے لئے حکومت ایئر لائنز اور دیگر ممالک کے حکام سے رابطے میں ہے۔
aXA6IDMuMTQ3LjEwNC4yNDgg ejasoft island