کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والی اسمارٹ فون لیبارٹری دستیاب
سنسناٹی یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک چھوٹی سی لیبارٹری بنائی ہے، جو ایک کارڈ پر سماسکتی ہے،
سنسناٹی یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک چھوٹی سی لیبارٹری بنائی ہے، جو ایک کارڈ پر سماسکتی ہے، اور پھر یہ کارڈ فوری طور پر کورونا وائرس، ملیریا اور دیگر امراض کے جراثیم اور وائرس کی پہچان کرسکتاہے۔ اس کارڈ کو کسی بھی اسمارٹ فون سے جوڑ کر لیبارٹری کا نتیجہ ڈسپلے پر دیکھا جاسکتا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وائرس کی شناخت کے لیے ایک مرتبہ استعمال کے قابل پلاسٹک کا ٹکڑا مریض کو منہ میں رکھنا ہوتا ہے، جس پر لعاب جمع ہوتا ہے۔ اس کے بعد اس کی جانچ کے لیے ایک خاص ڈبے میں رکھا جاتا ہے، اور یہ نظام فوری طور پر وائرس کی شناخت کرکے اس کی خبر اسمارٹ فون کو دیتا ہے۔
حیرت انگیز طور پر یہ ملیریا، کورونا وائرس، ایچ آئی وی، لائم کے مرض اور دیگر کئی امراض کی شناخت کرسکتا ہے،لیکن ماہرین کا دعویٰ ہے کہ ان کا بنایا ہوا آلہ ڈپریشن اور ذہنی تناؤ جیسے امراض کی شناخت بھی کرسکتا ہے۔ اور اس کا نتیجہ ایپ کے ذریعے آپ کے ڈاکٹر کو بھی روانہ کیا جاسکتا ہے۔
یونیورسٹی کے ماہر چونگ آہن اور ان کے ساتھیوں نے ملیریا کے لیے اس کا کامیاب تجربہ بھی کیا ہے، تاہم اسے دیگر کئی امراض کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، یہاں تک کہ یہ ذہنی تناؤ والے ہارمون کی کمی بیشی بھی شناخت کرلیتا ہے۔ پروفیسر آہن نے بتایا کہ مرض کی علامات ظاہر ہونے کے کئی گھنٹوں سے لے کر کئی دنوں قبل تک بھی یہ وائرس کی شناخت کرلیتا ہے۔ اس اہم کام کی تفصیلات نیچر کے جرنل برائے مائیکرو سسٹم اور نینوانجینئرنگ میں شائع ہوئی ہیں۔
aXA6IDMuMTQzLjE3LjEyOCA= ejasoft island