ڈبلیو ایچ او كى جانب سے کورونا وائرس سے متعلق نئے خطرے سے خبردار
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کبھی چین نہ جانے والے افراد کا بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونا ایک بڑے خطرہ کی ابتدا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کبھی چین نہ جانے والے افراد کا بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونا ایک بڑے خطرہ کی ابتدا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، ایک دن میں 3 ہزار نئے مریضوں میں کورونا وائرس کا انکشاف ہوا ہے اور اب ان کی مجموعی تعداد 40 ہزار ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ ایک روز میں مزید 97 مریض ہلاک ہوئے ہیں اور اب ہلاک ہونے والوں کی تعداد 908 ہوگئی ہے۔
روزنامہ دنيا کے مطابق اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ مختلف ممالک میں ایسے افراد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو کبھی چین نہیں گئے ہیں اور یہ بہت بڑے خطرہ کے ابتدائی آثار ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے اس صورت حال کو ’ٹِپ آف دا آئس برگ‘ سے تشبیہ دی ہے اور صورت حال کی نگرانی کے لیے اپنے ایک وفد کو چین بھی بھیجا ہے۔
ياد رہے کہ چینی شہر ووہان سے سر اُٹھانے والے کورونا وائرس کا علاج تاحال دریافت نہیں ہوسکا ہے اور اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر پریشان کن اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے باوجود یہ وائرس چین کی سرحدوں سے نکل کر 2 درجن سے زائد ممالک میں داخل ہو چکا ہے۔