کورونا وائرس: یورو کپ اور کوپا امریکہ ایک سال کے لئے مؤخر
تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کے پیش نظر رواں سال شیڈول یورو کپ اور کوپا امریکہ جیسے سال کے اہم فٹبال مقابلوں کو ایک سال کے لئے موخر کردیا گیا ہے۔
تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کے پیش نظر رواں سال شیڈول یورو کپ اور کوپا امریکہ جیسے سال کے اہم فٹبال مقابلوں کو ایک سال کے لئے موخر کردیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منگل کو یورپیئن فٹبال گورننگ باڈی کا خصوصی اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد ہوا تھا جس میں تمام ہی متعلقہ اداروں نے یورو کپ کو ایک سال کے لئے موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ یہ ٹورنامنٹ رواں سال 12 جون سے 12جولائی تک منعقد ہونا تھا لیکن اب اسے آئندہ سال 11جون سے 11جولائی تک منعقد کیا جائے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق یورو کپ کی طرح امریکہ بھر کے ممالک کے درمیان منعقد ہونے والا مقابلہ کوپا امریکہ کپ کو بھی ایک سال کے لئے موخر کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس ایونٹ کا انعقاد بھی 12 جون سے 12جولائی سے ہونا تھا اور پہلی مرتبہ ایک کے بجائے کوپا امریکہ کے مقابلوں کا انعقاد دو ملکوں ارجنٹینا اور کولمبیا میں ہونا تھا۔
اب یورو کپ کی طرح یہ مقابلے بھی آئندہ سال 11جون سے 11جولائی تک منعقد ہوں گے جس میں 11 ٹیمیں شرکت کریں گی۔