کراچی میں پر اسرار زہریلی گیس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی
شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس کا اخراج کیسے ہوا، ایک معما بن گیا، واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس کا اخراج کیسے ہوا، ایک معما بن گیا، واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے، جب کہ 100 سے زائد کی حالت غیر ہوئی ہے، جنہیں مختلف اسپتالوں میں علاج کے بعد ڈسچارج کیا گیا ہے، کیماڑی میں واقع نجی اسپتال میں 22 افراد تا حال زیر علاج ہیں۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں چھ قیتمی جانوں کے ضیاع پر لواحقین غم سے نڈھال ہیں، پولیس کی جانب سے متاثرہ افراد اور اہل خانہ کے بیانات قلم بند کر لیے گئے ہیں، نیوی کی ٹیم نے متاثرہ افراد کا معائنہ کیا ہے اور خون کے نمونے لے لیے ہیں، علاقے سے پانی کے نمونے بھی حاصل کیے گئے ہیں۔
کیماڑی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے سرچ آپریشن بھی کیا ہے، ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر کا کہنا تھا کہ پورٹ کے اندر بھی آپریشن کر کے اسے کلیئر کر دیا گیا ہے، گیس لیکج ہے یا کمیکل ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ زہریلی گیس کے اخراج کا سبب جاننے کے لیے کے پی ٹی انتظامیہ نے پاکستان نیوی سے مدد طلب کر لی ہے، کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل زاہد الیاس سے چیئرمین کے پی ٹی کا رابطہ ہوا، جس کے بعد پاکستان نیوی کی بائیولوجیکل کیمیکل ڈیمیج کنٹرول ٹیم متاثرہ علاقے میں پہنچی۔ نیوی کی خصوصی ٹیم متاثرہ علاقے کا جائزہ لے گی اور وجوہ کا تعین کرے گی۔
ياد رہے کہ کیماڑی میں نجی اسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر فہیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں 100 سے زائد متاثرہ افراد لائے گئے ہیں، گزشتہ روز ساڑھے 7 بجے کے قریب اسپتال میں متاثرہ افراد آنا شروع ہوئے ہیں، زیادہ تر مریضوں کو سانس کی تکلیف تھی، متاثرہ افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، 3 مریض آئی سی یو میں داخل کیے گئے ہیں۔