لندن: والد کے انتقال کے 24 گھنٹے بعد ہی بیٹی بھی کورونا وائرس سے ہلاک
ٹرمینل 3 پر کام کرنے والے 61 سالہ سدھیر شرما کی کورونا وائرس سے ہلاکت کے بعد ان کی فارماسسٹ بیٹی 33 سالہ پوجا بھی جان کی بازی ہار چکی ہیں۔
عالمی وبا کورونا نے پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، ایسا ہی ایک واقعہ لندن میں پیش آيا ہے کہ ہیتھرو ایئرپورٹ کے امیگریشن افسر سدھیر شرما کی کورونا وائرس سے ہلاکت کے 24 گھنٹے بعد ہی ان کی بیٹی پوجا بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد انتقال کرگئی ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ٹرمینل 3 پر کام کرنے والے 61 سالہ سدھیر شرما کی کورونا وائرس سے ہلاکت کے بعد ان کی فارماسسٹ بیٹی 33 سالہ پوجا بھی جان کی بازی ہار چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ اہلکاروں کا ماننا ہے کہ سدھیر شرما ڈیوٹی کے دوران کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہوئے ہیں بلکہ انہیں یہ وائرس کہیں اور سے لگا ہے؛ کیوںکہ وہ آخری مرتبہ 7 جنوری کو ڈیوٹی پر آئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سدھیر کی بیوہ ان کی آخری رسومات میں بھی شریک نہیں ہو سکیں گی اور یہ بھی افسوسناک بات ہے۔
رپورٹ کے مطابق سدھیر شرما کئی سالوں سے متعدد بیماریوں کے باعث علیل رہے جس کی وجہ سے وہ کئی کئی دن ڈیوٹی پر بھی نہیں آتے تھے۔
دوسری جانب سدھیر شرما کی بیٹی پوجا لندن کے ایسٹ برن ڈسٹرک ہسپتال میں فارماسسٹ تھیں، ان کے انتقال سے چند روز قبل ہی ان میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد ان کا علاج جاری تھا۔