پاکستان: کورونا وائرس كى وجہ سے خیبر پختونخواہ میں ایمرجنسی نافذ
کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر پاکستان کے خیبر پختونخواہ میں ایمرجنسی نافذ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر پاکستان کے خیبر پختونخواہ میں ایمرجنسی نافذ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
دنيا نیوز کے مطابق صوبائی محکمہ ریلیف وآباد کاری نے کورونا وائرس کے خدشات اورخطرات کے پیش نظر خیبر پختونخواہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی کا نفاذ ایک ماہ کے لیے کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے خطرات سے محفوظ رہنے، تیاری اور رسپانس کے لئے انتظامات کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
دوسری طرف قومی ادارہ برائے صحت نے کورونا وائرس کی تشخیص کا آغاز کر دیا ہے۔ کراچی، لاہور اور ملتان سے حاصل کیے گئے 6 نمونوں کی جانچ کی جائے گی۔
قومی ادارہ برائے صحت نے لیاری کے ارسلان سمیت چین سے پاکستان آنے والوں کے نمونے لیے ہیں، جس کی 24 سے 48 گھنٹے میں رپورٹ آنے کا امکان ہے۔ کراچی کے آغا خان اور ڈاؤ ہسپتال بھی تشخیصی صلاحیت حاصل کرنے پر کام کر رہے ہیں۔
aXA6IDE4LjIxNi44My4yNDAg
ejasoft island