کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں باقاعدہ طور پر ٹیسٹ کا آغاز
پاکستانی ادارہ برائے صحت نے کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ کا آغاز کردیا ہے، وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ 24 گھنٹے میں تیار ہوگی جبکہ ایک ٹیسٹ پر سات ہزار روپے لاگت آئے گی۔
پاکستانی ادارہ برائے صحت نے کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ کا آغاز کردیا ہے، وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ 24 گھنٹے میں تیار ہوگی جبکہ ایک ٹیسٹ پر سات ہزار روپے لاگت آئے گی۔
اے آر وائی کے مطابق پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں، اس حوالے سے قومی ادارہ برائے صحت نے کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔
وزارت صحت کے ذرائع نے بتايا ہے کہ کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ 24 گھنٹے میں تیار ہوگی، خیال رہے کہ وائرس کی تشخیصی کٹس چین سے درآمد کی گئی ہیں، اس کٹ کی مالیت دو ہزار امریکی ڈالر ہے، ایک تشخیصی کٹ سے 50 مریضوں کے ٹیسٹ ممکن ہو سکیں گے، اس طرح کورونا وائرس کے ایک ٹیسٹ پر 7ہزار روپے لاگت آئے گی۔
قومی ادارہ برائے صحت نے کورونا وائرس ٹیسٹ کے لئے معیار کا تعین کرلیا ہے، ہر مشتبہ مریض کے نمونے کا کورونا ٹیسٹ نہیں کیا جائے گا بلکہ مشتبہ مریض میں اہم علامات پر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
تجویز کردہ اسپتالوں سے موصول نمونوں کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا، ہر اسپتال کورونا کے مشتبہ مریض کا نمونہ اور علامات بھجوانے کا پابند ہوگا۔