امریکہ کی ملٹی نیشنل کمپنی ڈزنی کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے میں بند
ڈزنی نے دنیا بھر میں اپنے تمام پارکس کو کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر بند کردیا ہے اور اب ڈزنی ورلڈ نے اپنے 43 ملازمین کو جبری رخصت پر بھیجنے کا منصوبہ بھی بنا لیا ہے۔
ایڈونچرس تھیم پارک کی مالک دنیا کی سب سے بڑی انٹرٹینمنٹ کمپنی کا درجہ رکھنے والی امریکہ کی ملٹی نیشنل کمپنی ڈزنی نے دنیا بھر میں اپنے تمام پارکس کو کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر بند کردیا ہے اور اب ڈزنی ورلڈ نے اپنے 43 ملازمین کو جبری رخصت پر بھیجنے کا منصوبہ بھی بنا لیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق 19 اپریل سے اس منصوبے پر عمل کیا جائے گا۔
یہ ملازمین ڈزنی ورلڈ کو سروس ٹریڈ کاؤنسل یونین کی جانب سے فراہم کیے گئے ہیں جو فلوریڈا کے تھیم پارک میں ملازمت کررہے ہیں۔
کمپنی کے ایک ممبر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ فیصلہ یونین کو پسند نہیں آیا، البتہ جو صورتحال اس وقت ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈزنی کمپنی کو حق حاصل ہے کہ وہ یہ فیصلہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عام طور پر جب ملازمین کو جبری رخصت پر بھیجنے کا منصوبہ کیا جاتا ہے تو انہیں واپسی کی تاریخ بھی بتائی جاتی ہے تاہم کورونا وائرس کے باعث فی الحال ان کو واپس طلب کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
ڈان نيوز کے مطابق جن ملازمین کو جبری رخصت پر بھیجا جا رہا ہے وہ چھٹیوں کے باوجود صحت الاؤنس حاصل کرسکیں گے اور نہ ہی ان کی سینیارٹی ختم کی جائے گی اور نہ ہی انہیں بحالی کے بعد پہلے سے کم تنخواہ دی جائے گی۔